السی کی پنیاں بنانے کا طریقہ
السی کے بیج، جنہیں فلاکس سیڈز بھی کہا جاتا ہے، انسانی صحت کے لیے بے شمار فوائد رکھتے ہیں۔ یہ بیج اومیگا-3 فیٹی ایسڈز، فائبر، اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو دل کی صحت کو بہتر بنانے، کولیسٹرول کو کم کرنے، اور وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ السی کے بیج قبض اور نظام ہاضمہ کے مسائل کے لیے بھی مفید ہیں کیونکہ یہ فائبر کی وافر مقدار فراہم کرتے ہیں۔ ان میں موجود لینین نامی مرکب کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔ مزید یہ کہ السی کے بیج جلد اور بالوں کی صحت کے لیے بھی مفید ہیں، کیونکہ یہ جسم کو ضروری غذائی اجزاء فراہم کرتے ہیں۔ ان کا باقاعدہ استعمال صحت مند طرزِ زندگی کے لیے اہم ہے۔
السی کی پنیاں بنانے کے لئے جن اجزا کی ضرورت ہے وہ درج ذیل ہیں۔۔
- آدھا کلو کچی گندم
- آدھا کلو السی
- گھی تین پاؤ دیسی گھی
- سو گرام گوند
- چینی تین پاؤ، یا گڑ( حسب ذائقہ
- چار مغز 100 گرام
- بادام 100 گرام
- پستہ 100 گرام
- چھوٹی ہری الائچی 10 عدد
- زردے کا رنگ اگر ڈالنا چاہیں تو 1 چوتھائی چھوٹی چمچ
ترکیب:
٭ السی کی پنیاں (لڈو) بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے گوند کو فرائی کریں تاکہ وہ پھول جائے، پھر کچی گندم اور السی کو الگ الگ ہلکا سا بھون لیں اور خیال کریں کہ جل نہ پائے، اب دونوں کو مکس کر کے گرائنڈر میں پیس لیں، اب اس سفوف کو کڑاہی میں ڈال کر گھی میں مزید بھونیں، اب گوند کا چورا کر کے اس میں شامل کر لیں۔
اس کے بعد چینی کا شیرا بنا کر اس میں چار مغز، بادام، پستے، الائچی اور زردے کا رنگ (حسب ضرورت) شامل کرلیں، اور اچھی طرح سے ہلائیں اور اب اس میں السی گندم اور گوند ڈال کر مکس کریں۔
اچھی طرح سے سب چیزیں مکس ہونے کے بعد یکجان نظر آنے پر چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کریں اور اس کی لڈو کی شکل کی پنیاں بنا کر ایئر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔